اسلام آباد (صباح نیوز)14اکتوبرکو ملک بھر کے37حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے جس کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا آغاز ہو گیا۔ کاغذات نامزدگی 30 اگست تک وصول کیے جائیں گے ۔الیکشن کمشن کے شیڈول کے مطابق 14اکتوبرکو ملک بھر کے37حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے ،ان 37 حلقوں میں قومی اسمبلی کے 11اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقے شامل ہیں جس کیلئے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا آغاز ہو گیا،کاغذات نامزدگی(کل ) 30 اگست تک وصول کیے جائیں گے جبکہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست 31 اگست کو جاری کی جائے گی ۔کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 ستمبر تک کی جائے گی،کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 8 ستمبر تک دائر کی جاسکیں گی جن پر فیصلے 13 ستمبر تک ہوں گے۔امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 14 ستمبر کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار 15 ستمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے۔انتخابی نشانات کے ساتھ حتمی فہرست کا اجرا 16 ستمبر کو کیا جائے گا ۔ واضح رہے قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلیوں کے 7 حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوا تھا،عام انتخابات میں زیادہ نشستوں پر جیتنے والوں نے 28 نشستیں چھوڑی ہیں۔