لاہور (سپورٹس ڈیسک) مقبوضہ کشمیر پر بھارتی فوجی لشکر کشی اور بربریت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے بنکاک میں کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ میں بھارت کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کردیا۔ 34 ویں کنگز کپ ورلڈ سیپک ٹاکرا چیمپئن شپ ان دنوں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں جاری ہے۔ ٹیم ایونٹ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کھیلا جانا تھا لیکن پاکستانی ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی لشکر کشی اور گزشتہ کئی دنوں سے کرفیو کی آڑ میں عوام پر بہیمانہ تشدد کے خلاف بھارت سے میچ کھیلنے سے انکار دیا۔ میچ سے قبل پاکستان سیپک ٹاکرا کے جنرل سیکرٹری نوشاد احمد نے ٹیم انتظامیہ ڈاکٹر عارف حفیظ، شبیر احمد، عارف وحید اور کھلاڑیوں سے اہم میٹنگ کے بعد بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا اعلان کیا۔ نوشاد احمد نے بتایا کہ یہ کس طرح ممکن ہے کہ کشمیریوں پر بہیمانہ تشدد ہورہا ہو اور پاکستانی ٹیم بھارتی ٹیم کے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر ان کے ساتھ میچ کھیلے۔ وہ ہمارے مسلم بھائیوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں اور ہم ان کے ساتھ شیر و شکر ہوجائیں، ہم کم از کم اتنا تو کرسکتے ہیں، ان کے کشمیر پر ظلم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے میچ کا بائیکاٹ کریں تاکہ ایونٹ میں شرکت کرنے والی 40 ٹیموں اور ان کے ممالک کو میچ کا بائیکاٹ کرنے کی وجہ پتہ چل سکے۔
سیپک ٹاکرا: مقبوضہ کشمیر میں لشکر کشی پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کھیلنے سے انکار
Aug 29, 2019