کوئٹہ (آن لائن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکمران بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے عملی طور پر اقدامات نہیں کررہے جس کی وجہ سے بلوچستان کے عوام پر ترقی کے دروازے بندکئے جارہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نے ہر دور میں بلوچستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا۔ سی پیک منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی آگئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی جمال شاہ کاکڑ سے اسلام آباد میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنمائوں نے ملکی اور خاص کر کشمیر کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت کی اور بلوچستان کے معاملات کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے مسلم لیگ (ن) کو بلوچستان میں مزید فعال کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی ہر انسان کا حق ہے مگر نااہل حکمرانوں کی وجہ سے عوام سے یہ خوشی بھی چھینی جارہی ہے جس کی وجہ سے آج لوگ دو وقت کی روٹی کیلئے بھی ترس رہے ہیں۔ کشمیر کے معاملے پر بھی حکومت کا کردار نہ ہونے کے برابر ہے۔ حکومت خود معاملات کو ٹھیک کرنے کی بجائے خراب کرنے پر تلی ہے۔ حالات بگڑے ہوئے ہیں۔ چاہے وہ بلوچستان کا مسئلہ ہو یا کشمیر کا مسئلہ ہو تمام معاملات کو پر امن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔