سندھ ہائیکورٹ:پروجیکٹ ڈائریکٹرگاربیج مصطفی کمال کی بحالی کی درخواست مسترد

سندھ ہائی کورٹ نے مصطفی کمال کی بحیثیت پروجیکٹ ڈائریکٹرگاربیج بحالی کی درخواست کو مسترد کردیا ۔  جمعرات کو  سندھ ہائی کورٹ میں پراجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج مصطفی کمال کی معطلی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی،درخواست گزار اقبال کاظمی نے سماعت کے دوران کہا کہ مصطفی کمال کو چند گھنٹے بعد ہی معطل کردیا گیا، جس پر عدالت نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ پہلے یہ بتائیں تقرری   کرنے کے کیا قوانین تھے۔درخواست گزار کے کمزور دلائل سن کر جسٹس شفیع صدیقی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے درخواست گزار کو کہا کہ آپ کیا مذاق کرنے یہاں آئے ہیں،جب تقرری ضابطے کے تحت نہیں ہوئی تو معطلی کے خلاف کیسے آ سکتے ہیں۔بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے مصطفی کمال کی بحالی سے متعلق اقبال کاظمی کی درخواست کو مسترد کردیا۔واضح رہے کہ درخواست گذشتہ روز دائر کی گئی تھی، جس میں میئر کراچی، مصطفی کمال اور سیکرٹری بلدیات کو فریق بنایا گیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن