نک کرگیوس کا اے ٹی پی حکام پر بدعنوانی کا الزام، آسٹریلوی کھلاڑی پر ممکنہ طور پر پابندی کا خطرہ

 آسٹریلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس نے ایسوسی ایشن آف ٹینس پروفیشنلز (اے ٹی پی) حکام پر بدعنوانی کا الزام لگا دیا جس کے بعد انہیں ممکنہ طور پر انٹرنیشنل ٹینس کھیلنے پر پابندی کا سامنا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے رواں یو ایس اوپن پہلے راﺅنڈ میں سٹیوجانسن کے خلاف فتح کے بعد اے ٹی پی مینجمنٹ کو کرپٹ قرار دیا۔ فتح کے باوجود کرگیوس کا آف کورٹس رویہ ایک بار پھر میچ کے بعد توجہ کا مرکز بنا رہا۔ کرگیوس دوران میچ ایک بار پھر ایمپائر پر برس پڑے اور کہا کہ جب وہ سرونگ کرتے ہیں تو سٹینڈز پر موجود شائقین چہل قدمی کرتے ہیں جو ان کیلئے پریشانی کا باعث بنتے ہیں۔ انہوں نے ایمپائر سے سوال کیا کہ کیا یہ آپ کا کام ہے، میں جب سروس کرتا ہوں تو آپ مجھے دیکھنے کی بجائے ان لوگوں کو کیوں نہیں دیکھتے۔ انہوں نے میچ کے بعد اے ٹی پی مینجمنٹ کو کرپٹ قرار دیا اور کہا کہ میں نہیں جانتا کہ مجھ پر تین ہفتے قبل اتنا بھاری جرمانہ کیوں کیا گیا۔ کرگیوس کے الزام لگانے کے بعد اے ٹی پی حکام نے بھی انہیں معطل کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن