لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین و جانشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی اپیل پر پاکستان‘ یورپ‘ برطانیہ سمیت دنیا بھر میں یوم عظمت اہل بیت و صحابہ کرام رضی اللہ عنہم منایا گیا۔ جمعہ کے اجتماعات میں قراردادیں منظور کی گئیں۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ اہل بیت عظام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی عظمت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ تمام مقدس ہستیوں کی ناموس کے تحفظ کیلئے قانون سازی کی جائے۔ محرم الحرام ہمیں اخوت، رواداری اور باہمی بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔ لہٰذا وطن عزیز میں بسنے والے تمام مسلمان امن دشمن، شدت پسند و انتہاپسندوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں عظیم انسانی اقدار حریت پسندی اور لازوال ایثار کا درس دیتا ہے۔ محرم الحرام اپنی فضیلت وحرمت اور برکت کے لحاظ سے انفرادی اہمیت کا حامل ہے۔ لہٰذا ہمیں ایک دوسرے کے جذبات کا احترام کی قابل تقلید مثال قائم کرنی چاہئے۔