اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں مہنگائی 0.14 فیصد کم ہوگئی۔ آٹھ ہفتے بعد پہلی بار چینی سستی ہوئی۔ آٹا بھی سستا ہوگیا۔ گیارہ اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ بارہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ حکومت کی جانب سے گندم اور چینی درآمد کا عمل شروع کرنے کے اثرات سامنے آنا لگے۔ مقامی مارکیٹ میں چینی اور آٹا سستا ہوگیا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی۔ ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں 0.14 فیصد کمی رکارڈ کی گئی- آٹھ ہفتے کے بعد پہلی بار چینی سستی ہوگئی۔ ایک ہفتے میں چینی 96 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔ چینی کی اوسط قیمت 96.07 سے کم ہوکر 95.11 روپے فی کلو ہوگئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 4 روپے سستا ہوا۔ ایک ہفتے میں بارہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ ٹماٹر 3 روپے اور پیاز 2 روپے فی کلو مہنگے ہوئے جبکہ آلو، دال مسور، دال چنا، دال مونگ اور دال ماش بھی مہنگی ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں گیارہ اشیائے ضروریہ سستی ہوئی۔ ایک ہفتے میں چکن برائلر زندہ مرغی 9 روپے فی کلو اور ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 23 روپے سستا ہوا، لہسن، دہی، تازہ دودھ اور انڈے بھی سستے ہوئے۔ گذشتہ ہفتے 28 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔