لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے متحدہ عرب امارات کے پاکستان میں سفیر محمد عبید ابراہیم سلیم الذھبی نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں شخصیات نے باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ میں امن و امان کی صورتحال پر گفتگو کی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے ہمیشہ پاکستانی بھائیوں کے ساتھ خصوصی محبت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان میں ہسپتالوں کے قیام اور دیگر ترقیاتی کاموں میں معاونت پر متحدہ عرب امارات کو خراج تحسین پیش کیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ ہمیں متحدہ عرب امارات کے بھائیوں کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ پاکستان میں توانائی، تعلیم، زراعت، لائیو سٹاک اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بے شمار پرکشش مواقع میسر ہیں۔ عبید ابراہیم الذھبی نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی ترقی کے خواہاں ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو تمام شعبوں میں ایک دوسرے کے ماہرین سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔
سفیر کی ملاقات‘ امارات کے بھائیوں سے دیرینہ تعلقات پر فخر ہے: پرویز الٰہی
Aug 29, 2020