بارش : وفاق سے مدد مانگیں ، بلاول، وزیراعظم نے تعاون کی یقین دہانی کرادی: مراد علی شاہ

Aug 29, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں سے صرف کراچی میں ہی نہیں پورے سندھ میں تباہ کاریاں ہوئی ہیں، اندرون سندھ کے کاشتکاروں اور کسانوں کی فصلیں تباہ ہو گئیں، وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سندھ میں ہونے والے نقصانات کے لئے وفاقی حکومت سے مدد مانگیں۔جمعہ کو چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حکومت سندھ کو کراچی اور دیگر علاقوں میں بارشوں سے ہونے والی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے بروقت امدادی کاروائیاں یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں کیلئے بروقت ریلیف یقینی بنائے، صوبے میں سرکاری و نجی املاک کے نقصانات کا سروے کیا جائے اور سندھ بھر میں امدادی کام تیز اور بحالی کے عمل کو جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کا کام مکمل کر کے آمدورفت بحال کی جائے کیونکہ بارشوں سے پورے صوبے میں نقصان ہوا ہے، کاشتکاروں اور کسانوں کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کاشتکاروں کی فصلیں غیر معمولی موسلادھار بارش میں زیر آب آ گئی ہیں۔ بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے کہا کہ تشویشناک صورتحال سے نمٹنے کیلئے وفاق سے مدد مانگیں، امید ہے وفاق صوبے کی معیشت معمول پر لانے کیلئے آئینی کردار ادا کرے گا انہوں  نے کہا کہ حکومت سندھ پورے صوبے میں سرکاری و نجی املاک کو ہونے والے نقصانات کا سروے کرائے سندھ بھر میں امدادی کام تیز اور بحالی کے عمل کو جلد شروع کیا جائے بارشوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے والی سڑکوں کا کام مکمل کرکے آمدورفت کو بحال کیا جائے، بارشوں سے پورے صوبے میں نقصان ہوا ہے، جبکہ کاشتکاروں و کسانوں کو بہت بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے ،زراعت کا شعبہ ملکی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، مزید برآں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان میں بارشوں کے نتیجے میں ہونے والی تباہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے ،انہوں نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بھی ہونے والے جانی نقصان پر رنج و غم کا اظہار کیا ، انہوں نے اپیل کی  بلوچستان میں بارش سے  متاثر عوام اور انفراسٹرکچر کو بچانے کے لئے سب کو نظر آتا ہوا اور عملی طور امدادی اقدام اٹھائے جائیں یہ بہت تکلیف دہ ہے کہ امدادی کاروائیوں کے متعلق بیانیے میں بلوچستان کو بہت کم جگہ مل رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سیلاب میں پھنسنے ہمارے بلوچ بھائیوں و بہنوں کو مطلوب امداد فراہم کی جانی چاہئے ،بارش و سیلاب کی وجہ سے ہزاروں افراد بے گھر ہوئے ہیں متاثرین کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی ضرورت ہے بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکنان متاثرین کی ہر ممکن امداد کریں۔ دریں اثناء چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاڑکانہ میں امدادی کاموں میں مصروف اپنے پولیٹیکل سیکریٹری جمیل سومرو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے، پی پی پی چیئرمین نے لاڑکانہ میں بارش کے بعد حالات معمول پر لانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کی ہدایت کی بلاول بھٹو زرداری کو جمیل سومرو کو لاڑکانہ میں جاری امدادی کارروائیوں کی ذاتی طور پر نگرانی کرنے کا کہا ہے انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ شہر سے بارش کے پانی کے اخراج اور متاثرین کے لیئے موثر امدادی کاروائیوں کو یقینی بنایا جائے ۔
کراچی(نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان نے بارشوں سے ہونے والے نقصان کے سدباب کیلئے مکمل مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرا دی ہے۔صوبائی وزرا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ بارشوں سے شہریوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا۔ اب تک بارشوں کے دوران سندھ بھر میں 80 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، ان میں سے 47 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔ گزشتہ روز کراچی میں 17، حیدر آباد 10 اور لاڑکانہ میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ اب بھی مختلف مقامات پر پانی موجود ہے جبکہ سندھ میں بارشوں سے فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔ ہم مشکل وقت میں لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ بارشوں سے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کرتا ہوں۔ کراچی شہر کی سٹڈی کراؤں گا جو بھی مسائل، جس کی وجہ سے بھی ہیں سامنے آنے چاہئیں۔ چیف سیکرٹری سندھ کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کا کہا ہے۔ وفاقی حکومت سے بھی مدد کی درخواست کریں گے۔ ہم نے کراچی میں 12 سال میں جتنی کوشش کی کسی نے نہیں کی۔ نالوں پر تجاوزات بالکل منظور نہیں۔ لوگوں کو دوسری جگہ پر منتقل کیا جائے گا۔ امید ہے وفاقی حکومت اس قدرتی آفت میں ہمارا ساتھ دے گی۔ ہمارے وزراء اور انتظامیہ کے لوگ بارش میں باہر کا جائزہ لینے کیلئے نکلے تھے۔ بارشوں میں لوگوں کا بہت زیادہ نقصان ہوا۔ دادو میں برساتی نالے کی وجہ سے لوگوں کا نقصان ہوا۔ ایڈمنسٹریٹر کراچی کے بارے میں سندھ کابینہ فیصلہ کرے گی۔ بار بار کہا گیا کہ حکومت نہیں نظر آ رہی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی ہے خود بھی دو راتوں سے چار پانچ گھنٹے سویا ہوں۔ معلوم ہے کئی انتظامی افسران پوری رات نہیں سوئے۔ ہمیں اندازہ ہے لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ ہم مدد کیلئے تیار ہیں۔ وفاقی حکومت مدد کرے جیسے آصف علی زرداری نے کی۔

مزیدخبریں