اسلام آباد کے تعطل کا شکار رہائشی سیکٹروں میں ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز

Aug 29, 2020

اسلام آباد (وقائع نگار )سی ڈ ی اے کی موجودہ انتظامیہ نے اسلام آباد کے تعطل کے شکار رہائشی سیکٹروں میں ترقیاتی سرگرمیوں کے بھر پور آغاز کے بعد اسلام آباد میں رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پارک انکلیوIII- ہاؤسنگ منصوبے میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں پارک انکلیوIII- ہاؤسنگ منصوبے کے آغاز سے جہاں اسلام آباد میں نئے رہائشی یونٹ دستیاب ہوں گے وہاں حکومت پاکستان کی طرف سے تعمیراتی انڈسٹری کو دی جانے والی مراعات کے تناظر میں تعمیراتی سرگرمیوں میں بھر پورمزیدمواقع پیدا ہوں گے۔ پارک انکلیوIII- میں پہلی مرتبہ کم آمدنی والے افراد کے لیے چھوٹے سائز کے پلاٹ بھی رکھے گئے ہیں۔ اس ہاؤسنگ منصوبے میں 139 مربع گز، 272مربع گز اور 500 مربع گز کے پلاٹ رکھے گئے ہیں۔ اس ہاؤسنگ منصوبے کے لیے سی ڈی اے نے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ پارک انکلیو III-میں پلاٹ کے حصول کے لیے درخواستیں 17 ستمبر2020 ؁ء تک دی جا سکتی ہیں جبکہ 24ستمبر 2020 ؁ء کو ان پلاٹوں کی الاٹمنٹ بذریعہ قرعہ اندازی کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کو شفاف بنانے کے لیے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ عوام الناس کی سہولت کو مد نظر رکھتے ہوئے کامیاب افراد کو پلاٹ کی قیمت آسان اقساط کی صورت میں ادا کرنی ہوں گی جبکہ آخری قسط کی ادائیگی پلاٹ کا قبضہ لینے پر ادا کرنا ہو گی۔

مزیدخبریں