سیرین ائیر میںجدید ترین ائیربس اے330  کا اضافہ ،کمپنی مزید غیر ملکی پروازیں جلدشروع کریگی:سی ای او

Aug 29, 2020

اسلام آباد(نوائے وقت نیوز) سیرین ائیر نے اپنے فلیٹ کو وسعت د دیتے  ہوئے سیرین ائیر نے اپنے فلیٹ میں جدید ترین ائیربس  اے330 طیارے کا اضافہ کرلیا ہے سیرین ائیر کے پاس پہلے ہی چار بوئنگ 737-800 طیارے موجود ہیں اورجدید اے 330 طیارہ کے اضافہ سے سیرین کے جہازوں کی تعداد پانچ ہوگئی ہے، ائیر بس اے 330 طیارہ میں 299 مسافروں کی گنجائش موجود ہے، سیرین ائیر پاکستان میں وائڈ باڈی جہازوں کے ساتھ سروس فراہم کرنے والی پہلی ائیرلائن بن گئی ہے، اس نئے جہاز کی مدد سے سیرین ائیر نے سیرین پلس کے نام سے کلب کلاس بھی اپنے جہازوں میں متعارف کروا دی، نئے آنے والے جہاز میں 24کلب کلاس اور 275اکانومی کلاس نشستیں ہونگی، ہرسیٹ کے عقب میں بارہ انچ کی انٹرٹینمنٹ سکرین نصب ہے جس سے مسافروں کو دوران سفر تفریح کی سہولت مہیا ہوگی، اس جہاز کی پاکستان آمد کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیرین ائیر کے سی ای او محمد صفدرخان نے اعلان کیا کہ آئندہ تین سے چار ماہ میں سیرین ائیر میں مزید دو اے 330 طیاروں کا اضافہ ہوگا،جس کے بعد جلد جدہ، ریاض، شارجہ ،دبئی کے لیے پروازیں شروع کردی جائیں گی، چین اور برطانیہ کے لیے بھی جلد پروازیں شروع کی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ کرونا وبا کے دوران نئے جہازوں کا اضافہ ایک مشکل فیصلہ تھا، اس وقت دنیا بھر میں ایوی ایشن انڈسٹری بحران کا شکار ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ سیرین ائیر کے ملازمین اور مسافروں کے اعتماد سیفٹی میں  توسیع کایہ  فیصلہ کامیاب ثابت ہوگا، صفدرخان نے بتایا کہ کرونا وبا کے دوران سیرین ائیرنے 53 چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے ہزاروں افراد کو وطن پہنچایا، اپنے قیام سے اب تک سیرین ائیر نے بہترین سروس کے ریکارڈ قائم کیے ہیں اور 98.2فیصد آن ٹائم اور 99 فیصد باقاعدگی کے ریکارڈ کے ساتھ سیرین ائیر نے 26 لاکھ مسافروں کو منزل تک پہنچایا ہے۔

مزیدخبریں