اساتذہ قوم کی تعمیرو ترقی میں کلیدی کردار اداکرتے ہیں ،سینیٹر ولید اقبال

اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر ولید اقبال نے کہا ہے کہ اساتذہ کسی بھی قومی کی تعمیرو ترقی میں کلیدی کردار ادا کر تے ہیں،اساتذہ  محنت اور لگن کے ساتھ طلبا کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں تو ہماری آئندہ نسلوں اور ملک و قوم کا مستقبل سنوار سکتے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ری پبلک ‘‘کالج کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا ،تقریب میں جڑواں شہروں کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر نے والے اساتذہ کو علامہ اقبال ایوارڈ دیئے گئے ،جبکہ طلبا میں تقریری مقابلہ بعنوان’’کورونا وبا کے دوران آن لائن تعلیم وتدریس‘‘منعقد کیا گیا جس میں طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور آن لائن تدریس کے حوالے سے اپنے تجربات بیان کیے۔سینیٹر ولید اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے دادا شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اپنے اساتذہ کا بہت احترام کر تے تھے انہیں جب ملکہ برطانیہ کی طرف سے ایوارڈ سے نوازنے کا اعلان کیا گیا تو علامہ محمد اقبال نے واضح  طور پر کہا کہ پہلے میرے استاد کو ایوارڈ دیا جائے ،علامہ اقبال کو علامہ اقبال بنانے میں ان کے استاد کا بڑا کردار تھا جس نے انہیں سیالکوٹ سے لاہور بھیجا ،انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کے والدین زیادہ پڑھے لکھے نہیں تھے علامہ اقبال نے چار سال کی عمر میں قرآن پاک مکمل کیا اور دنیا میں نام کمایا۔سینیٹر ولید اقبال نے کہا کہ آج بھی اساتذہ پر بڑی ذمہ داری عائد ہو تی ہے کہ وہ اگر محنت اور لگن کے ساتھ طلبا کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کریں تو ہماری آئندہ نسلوں اور ملک و قوم کا مستقبل سنوار سکتے ہیں انہوں نے تقریر مقابلے میں پو زیشن لینے والے طلبا میں بھی انعامات تقسیم کیے۔

ای پیپر دی نیشن