اوسلو(شِنہوا) چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا ہے کہ کوویڈ19-کے اثرات اور عالمی معاشی بدحالی کے اثرات کا سامنا کرتے ہوئے چین اپنے دروازے بند نہیں کرے گا بلکہ اسے بیرونی دنیا کے لئے مزید کھول دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کے صدرشی جن پھنگ کی جانب سے یہ ایک واضح پیغام ہے جنہوں نے حالیہ دنوں میں چین کی معاشی ترقی اور کھلے پن کے حوالے سے انتہائی اہم خطاب کیا۔چینی وزیر خارجہ نے ان خیالات کا اظہار ناروے کی وزیر خارجہ اینی ارکسن سوریڈ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا موجودہ صورتحال میں چین کی کھلے پن کی پالیسی متاثر ہوگی جہاں عالمگیروبا سے عالمی معیشت کساد بازاری، یکطرفہ ازم اور تحفظ پسندی سے متاثر ہوئی ہے وانگ نے کہا کہ 40سال سے زیادہ عرصے سے چین کی اصلاحات اور کھلے پن سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ کھلے پن سے ترقی اور خوشحالی آئی جبکہ تنہائی پسماندگی کا باعث ہوتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ40سالوں سے کھلے پن کی پالیسی سے چین نے دنیا کے ساتھ مل کر ترقی کی ہے اور اس کے ساتھ دنیا کو بھی اس کا فائدہ پہنچایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین نے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) سے اپنے وعدے پورے کئے ہیں اور ٹیرف کی اوسط شرح کو 7.5 فیصد تک کم کردیا ہے ، جو دوسرے تمام ترقی پذیر ممالک کی نسبت زیادہ اور ترقی یافتہ ممالک کی سطح تک ہے۔