حیدرآباد (بیورورپورٹ) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے کہا کہ وفاق اور سندھ کے باہم مل کر کام کرنے کے دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ اِس سے باہمی تناتنی میں کمی کے ساتھ معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ مشاورت سے کاروبار حکومت چلانے میں جو رُکاوٹیں آتی رہی ہیں وہ دور ہوں گی اور یہ عمل وفاق اور سندھ دونوں کے لئے سود مند ہوگا۔ وفاق اور سندھ جس قدر باہمی مشاورت اور جذبہ خدمت کے ساتھ کام کریں گے اُس سے عوام کی فلاح و بہبود کے کاموں پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور ایک لامتناہی الزام تراشیوں کا سلسلہ جو منفی اثرات مرتب کر رہا تھا ختم ہو جائے گا۔ اِن اقدام پر اُنہوں نے وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر اسد عمر اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔