ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش‘ تربیلا اورمنگلا ڈیم بھر گئے‘ سیلاب کا خطرہ‘ ملتان  میں مزید تین روز بارشوں کا امکان

ملتان‘ وہاڑی‘ میاں چنوں (خبرنگار خصوصی‘ نمائندوں سے) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش۔ متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ ملتان میں بارش ہوتے ہی واسا میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا تمام مشینری اور فیلڈ سٹاف کو طلب کرلیا گیا اور ہنگامی بنیادوں پر نکاسی آب کا کام شروع کر دیا گیا واسا کی رپورٹ کے مطابق چونگی نمبر 9 پر 49 ملی میٹر کڑی جمنداں ڈسپوزل سٹیشن پر 39 ملی میٹر پرانا شجاع آباد روڈ پر 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ زیادہ بارش چونگی نمبر 9 ‘گلگشت‘ رشید آباد ‘ کڑی جمنداں کے علاقوں میں ہوئی ۔ شہر کے زیادہ تر علاقوں خاص طور پر دیہی علاقوں میں کم بارش ریکارڈ کی گئی بارش کے باعث بجلی کی سپلائی معطل رہی بعض علاقوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا ۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سٹاف کی 9 اور 10 محرم کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔سی ای او عبدالطیف خان نے آپریشنل،ورکشاپ اور شکایات سیل کے سٹاف کی چھٹی کی منسوخی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔منیجر آپریشنز کو ہفتہ اور اتوار کو سٹاف کی حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔مذکورہ سٹاف متبادل کے طور پر سوموار کو چھٹی کر سکے گا۔دریائے چناب میں ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے الرٹ جاری کردیا ہے اور تمام متعلقہ محکموں کو فلڈ فائٹنگ کے لئے تیار رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ڈپٹی کمشنرعامر خٹک کی طرف سے متعلقہ محکموں کو جاری ہونے والے لیٹر میں کہا گیا ہے کہ تمام مشینری کو آپریشنل رکھا جائے،سیلاب کی صورت میں تمام متعلقہ سٹاف کا ڈیوٹی روسٹر تیار کیا جائے،فلڈ ریلیف کیمپس قائم کرنے کے لئے تجویز کئے گئے سکولوں کو اوپن رکھا جائے،سکولوں میں بجلی اور پینے کے پانی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تین دن تک بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی جمعہ کے روز ملتان میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 35.5 کم سے کم 27.3 بہاولپور زیادہ سے زیادہ 37.2 کم سے کم 27.5 رحیم یار خان زیادہ سے زیادہ 36 درجے سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔شہر کے نواحی علاقوں، پکھی موڑ، ماچھیوال،37پھاٹک اورنواحی چکوک میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش برستی رہی بارش کے باعث گلیاں اور سڑکیں تالابوں کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ ہونے کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔ٹاٹے پورر اور نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچاہے۔

ای پیپر دی نیشن