کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ، یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اور کینیڈین ٹینس سٹار میلوس رائونک اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے اے ٹی پی ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ امریکہ کے ریلی اوپلکا، جرمنی کے جان لینارڈ سٹروف اور سربین فلپ کریجینوویک کوارٹر فائنل رائونڈ میں شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہوگئے ۔امریکہ میں جاری ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز کوارٹر فائنل میچز میں سربین ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جرمنی کے حریف کھلاڑی جان لینارڈ سٹروف کو سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-1 سے ہرا کر ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔دوسری جانب انگلینڈ کی نامور ٹینس سٹار جوہانا کونٹا اور بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا ڈبلیو ٹی اے ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں پہنچ گئیں۔ یونان کی ماریا سکاری اور تیونس کی اونس جبیر کوارٹر فائنل مرحلے میں ہار کر باہر ہوگئیں۔امریکہ میں لنڈنر فیملی ٹینس سینٹر، میسن ، اوہائیو میں جاری ڈبلیو ٹی اے ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز کوارٹر فائنل رائونڈ میچز میں برطانوی ٹینس سٹار جوہانا کونٹا نے اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے یونان کی حریف ٹینس کھلاڑی ماریہ ساکاری کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-3 سے ہرا کر ایونٹ کا سیمی فائنل مرحلہ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
ویسٹرن اینڈ سدرن اوپن ٹینس ،جوکووچ کی پیش قدی جاری
Aug 29, 2020