لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو مانچیسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ گراونڈ میں کھیلا جائیگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بجے شروع ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔ اس میچ میں پاکستنان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی کہ 16.1 اوورز کے کھیل میں انگلش ٹیم نے چھ وکٹوں پر 131 رنز سکور کیے تھے کہ بارش کی وجہ سے میچ کو روک دیا گیا تاہم بارش زیادہ ہونے کی وجہ سے دوبارہ کھیل کا آغاز نہ ہو سکا اور میچ کو بے نتیجہ ہی ختم کرنا پڑا۔ پاکستان ٹیم کے آل راونڈر عماد وسیم کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں پاکستانی باولرز نے میزبان ٹیم پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا لیکن بدقسمتی سے بارش کی وجہ سے میچ پورا نہ ہو سکا اگر میچ مکمل ہوتا تو پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرنی تھی۔ چھ ماہ بعد ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیلی، ہمیں پورا یقین تھا کہ اچھی کرکٹ کھیل کر کامیابی حاصل کرنی ہے۔ وکٹ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اگلے میچز میں اگر ایسی وکٹ ہی ملی تو شاداب خان کے ساتھ ملکر اچھی باولنگ کر کے انگلش ٹیم کی مشکلات میں اضافہ کرینگے۔ عماد وسیم کا کہنا تھا کہ میزبان انگلش ٹیم بھی اچھی ہے لیکن ہماری ٹیم نے بھی بہت محنت کی ہے جس کی وجہ سے پاکستان ٹیم کو بہتر دیکھ رہا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے میچ پر کنٹرول حاصل کر لیا تھا افسوس ہوا کہ میچ مکمل نہ ہو سکا اگر میچ مکمل ہوتا تو ہماری جیت یقینی تھی۔