حضرت امام حسین اور شہدائے اسلام کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ مو لا نا فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار)جمعیت علماءاسلام کے مر کزی امیر مو لا نا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ حضرت امام حسین اور شہدائے اسلام کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بہترین طریقہ یہ ہے کہ آج ہم یہ عہد کریں کہ ہم اپنی زندگیوں کو ان کی تعلیمات کی روشنی میں حقیقی طور پر ڈھالنے کی کو شش کرتے رہیں گے اور دین اسلام کے نفاذ کے لیے جدوجہد جاری رکھتے ہوئے وطن عزیز کوناکام اور لادین ریاست بنانے کی ہر سازش کا ہر محاذ پر مقابلہ کریں گے۔آج کے دن قوم باطل نظام کے خلاف متحد اور متفق ہوکر مسلسل جدوجہد کرنے کا عزم کرے۔مو لا نا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام کے حقیقی تصور اور روح کو مسخ کر نے والی باطل قوتوں کے مذموم عزائم کو نا کام بنا نے کے لیے ہم ایک ہیں۔ حضرت امام حسین اور شہدائے اسلام کی زندگیاں امت مسلمہ کے لیے مشعل راہ ہیں۔ ملک کا معاشی ،سیا سی اور معاشرتی نظام جام ہو تا جا رہا ہے۔پیغام حسین پر عمل کر نے سے ہی ملک بحرانوں سے آزاد ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں وطن عزیز کے حالات کو دیکھتے ہوئے آپس کے اختلافات کو ختم کر کے متحد ومنظم ہونے کی ضرورت ہے۔ ملکی اور اسلام دشمن قوتیں پا کستان میں امن اور ترقی نہیں دیکھنا چاہتیں۔پا کستان کا استحکام خطرے میں ڈالنے کے لیے ملک دشمن قوتیں سر گرم عمل اور ان کاڈٹ کر مقابلہ کر نے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کار کنوں پر زور دیا ہے کہ اتحاد امت اور دین حق کو معاشرے میں پھیلانے کے لیے ہر قر بانی دینے کے لیے آگئے بڑھیں۔ اتحاد امت کے لیے سب کو کردار ادا کر نا ہو گااور جے یو آئی اتحاد امت کے لیے کوشاں ہے۔ مو لا نا نے کہا کہ امت کو لڑانے اور تفر قہ بازی دشمن کی خواہشات ہیں ان خواہشات کو کچلنے کے لیے قوم میں اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے کراچی اور ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں سے ہونے والے جانی ومالی نقصان دلی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کارکنوں پرزور دیا کہ وہ اس مصیبت کی گھڑی میں متاثرین کے ساتھ کھڑے ہوں اور ہر ممکن مدد کریں اور یہ مشکل گھڑی صبر واستقامت اور اعلیٰ انتظامی صلاحیتوں کے ساتھ ہی گذرے گی اور ہم سب اللہ کریم کی طرف رجوع کریں اور اس مہربان سے رحم مانگیں۔

ای پیپر دی نیشن