نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ افغانستان سے ذلت آمیز انخلاء امریکہ کی خارجہ پالیسی کی بہت سے ناکامیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ افغانستان سے کس طرح نکلا ہے یہ اصل مسئلہ نہیں تھا بلکہ اہم بات یہ ہے کہ افغانستان سے بہتر انداز میں نکلا جا سکتا تھا۔ کیونکہ ایک بہتر انخلاء ممکن تھا مگر ہم ایک بدتر انداز میں وہاں سے نکلے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گو کہ ابھی جنگ کے ختم ہونے کی کوئی امید نہیں تھی مگر جنگ نے کم از کم عشروں کی خامیوں کو ظاہر نہ ہونے دیا تھا۔ جو اب آہستہ آہستہ مسلسل سامنے آ رہی ہیں۔ اخبار نے مزید لکھا ہے کہ 20 سالہ جنگ میں 2 ٹریلین ڈالر کی رقم خرچ ہونے کے بعد افغانستان میں دکھائی دینے والے مناظر دل کو چیر دینے والے تھے۔ اس سے بڑھ کر یہ تصور اذیت ناک ہے کہ ساری جدوجہد ‘ جانوں کا ضیاع اور پیسہ ایک ایسا مقصد حاصل کرنے میں برباد ہو گیا جو ایک سراب نکلا۔
افغانستان سے ذلت آمیز انخلاء امریکی خارجہ پالیسی کی ناکامیاں آشکار‘ نیویارک ٹائمز
Aug 29, 2021