اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ورلڈ بینک کے جنوبی ایشیا ریجن کے ڈائریکٹر اسٹریٹجی اینڈ آپریشنزایلنگو پیچاموتو نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور وزیر عمر ایوب خان سے ملاقات کی۔ انہوں نے عالمی بینک کے عملے اور ان کے اہل خانہ کو کابل سے نکالنے اور افغانستان میں مشکل صورتحال کے باوجود عارضی طور پر نقل مکانی کی اجازت دینے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ،ملاقات کے دوران وزیر برائے اقتصادی امور نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور موجودہ حکومت کی جانب سے کلیدی اصلاحاتی اقدام کیلئے عالمی بینک کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ اللانگو پیچاموتو نے بتایا کہ عالمی بینک حکومت پاکستان کے اہم ترجیحی شعبوں کے لیے ہر ممکن تکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ عالمی بینک علاقائی رابطہ اور تجارت کیلئے اپنے اقدامات کو جاری رکھے گا۔ عالمی بینک نے افغانستان میں ترقیاتی منصوبوں بشمول تعلیم ، صحت ، زراعت ، شہری ترقی اور انفراسٹرکچر کیلئے 5.3 بلین امریکی ڈالر سے زیادہ کا وعدہ کیا ہے۔ دریں اثنا وزیر اقتصادی امور نے ورلڈ بینک کے مالی تعاون سے "ٹڈی دل ایمرجنسی اور فوڈ سکیورٹی پروجیکٹ" کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس کی صدارت بھی کی۔ عالمی بینک کے تعاون سے اس پروجیکٹ کا مقصد ٹڈی دل کی وبا پر قابو پانے اور پاکستان بھر میں مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی حمایت کرنا ہے، ورلڈ بینک نے جولائی 2020 میں اس منصوبے کے لیے 200 ملین امریکی ڈالر کی منظوری دی۔ لہٰذا ، اس پروجیکٹ کی تشکیل نو کی جا رہی ہے تاکہ ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں روزی روٹی بحال ہو ، اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے پاکستان کے قومی فوڈ سیکورٹی مانیٹرنگ اور مینجمنٹ سسٹم کو مضبوط بنایا جا سکے۔