عالمی کرکٹ کی بحالی میں کردار پر احسان مانی کے شکر گزار ہیں عمران خان

Aug 29, 2021

اسلام آباد(پی پی آئی) وزیر اعظم عمران خان نے احسان مانی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی کارکردگی پر شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا کہ احسان مانی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے احسان مانی کے کردار کو سراہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ احسان مانی نے اپنے 3 سالہ دور میں پہلی بار ریجنل ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر کو بہتر کیا۔ احسان مانی کی بطور چیئرمین پی سی بی کارکردگی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ دو روز قبل قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات کا احوال بتایا۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کرکٹ سے متعلق فکر مند ہیں۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے عہدے میں توسیع لینے سے معذرت کر لی تھی اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلے سے متعلق تصدیق کر دی تھی۔دریں اثنا وزیراعظم عمران خان نے ڈومیسٹک اور سکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دیدی۔ وزیراعظم عمران خان کو سینٹرل پنجاب کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبداللہ خان سنبل نے ڈومیسٹک کرکٹ پر بریفنگ دی، اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سی ای او وسیم خان سمیت سی ای او سی پی سی اے خرم نیازی بھی موجود تھے۔وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ میں سکول کرکٹ سے متعلق اقدامات پر آگاہ کیا گیا جس پر وزیراعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحت کام کرنے والی تنظیم سی پی سی اے کے تیار کردہ ماڈل کی تعریف کی اور ڈومیسٹک اور سکول کرکٹ فریم ورک کی منظوری دی۔ وزیراعظم نے 15 ستمبر سے وسطی پنجاب میں شروع ہونے والی اسکول کرکٹ چیمپئن شپ میں اپنی مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ سکول کرکٹ میں حقیقی کرکٹ کے ٹیلنٹ پیدا کرنے اور ان کو تیار کرنے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔

مزیدخبریں