کراچی: صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت عوام اورٹیکس دہندگان کے اعتماد کو بڑھانے کے لیے ٹیکس نظام پر توجہ دے رہی ہے۔
گورنر ہاؤس کراچی میں وفاقی ٹیکس محتسب کے زیر اہتمام ٹیکس دہندگان کے لیے آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے قیام کے بعد سے کفایت شعاری کے اقدامات کے ذریعے ریاست پر عوام کے اعتماد کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
وفاقی ٹیکس محتسب کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ ٹیکس سے متعلقہ شکایات کو 50 دن کے اندر ٹیکس محتسب کے ذریعے نمٹانا قابل تعریف کوشش ہے۔ انہوں نے ٹیکس دہندگان سے کہا کہ وہ ایف ٹی او کے تیز جواب سے فائدہ اٹھائیں۔
انہوں نے کہا کہ ان اداروں کے بارے میں عوام میں آگاہی پیدا کرنا ضروری ہے۔ صدر نے کہا کہ یہ تجویز کیا گیا تھا کہ وفاقی ٹیکس محتسب کے ٹیکس دہندگان کے حق میں لیے گئے فیصلوں کی تشہیر کی جائے۔صدر مملکت نے مزید کہا کہ تاجروں کے وفود نے ان سے ملاقات کی اور ٹیکس کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی۔ تاہم وہ صرف آسان ٹیکس کے عمل کا مطالبہ کرتے ہیں۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اس موقع پر کہا کہ تاجر ملک کا اثاثہ ہیں اور وفاقی ٹیکس محتسب پر زور دیا کہ وہ تاجر برادری کو ریلیف فراہم کرےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تمام پانچ محتسب اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی کل آمدنی کا 70 فیصد پیدا کرتا ہے ، وفاقی ٹیکس محتسب نے شہر کے تاجروں کو ریلیف یقینی بنانے کے لیے اچھی شہرت کے افسران کو بطور مشیر تعینات کیا ہے۔