وسائل محدود، متا ژرین سیلاب کی بھالی میں کئی سال درکار ، دوست ممالک مدد کریں : آرمی چیف 


اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مخیر حضرات اور دوست ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے آگے آئیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر رہا ہوں، میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا  کے علاوہ اتوار کو خیر پور سندھ کا دورہ کیا ہے، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔ وفاقی، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ائیرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سیلاب بہت بڑے پیمانے پر آیا ہے۔ تباہ شدہ املاک کے ٹھیک ہونے اور لوگوں کی بحالی میں بہت سال لگ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے تمام پاکستانی مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ موجودہ مشکل حالات میں اپنے ان بھائیوں کی جو اس وقت بہت ہی مشکل میں ہیں، ان کی مدد کریں۔ آرمی چیف نے کہا کہ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن وفاقی حکومت، صوبائی حکومت اور مسلح افواج کے وسائل محدود ہیں۔ آپ لوگ سامنے آئیں اور جس طرح سے بھی مدد کرنا چاہتے ہیں آپ ان لوگوں کی مدد کریں تاکہ ان متاثرہ لوگوں کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کرسکیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن جو تقریبا ختم ہو چکا ہے لیکن اب بحالی کا مرحلہ درپیش ہے جس میں بہت سے برس لگیں گے اور اس کے لئے ہمیں پوری قوم کی مدد چاہیے۔ آرمی چیف نے کہا کہ دوست ممالک سے بھی ہماری حکومت نے درخواست کی ہے  اور مجھے امید ہے کہ دوست ممالک اس صورتحال میں ضرور آگے آئیں گے اور مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانیوں کی مدد کریں گے۔  انہوں نے کہ میں حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے دوست ممالک سے مدد کی اپیل کرتا ہوں، مجھے امید ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہمارے دوست ممالک ہمیں مایوس نہیں کریں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اتوار کو  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب سے متاثرہ اندرون سندھ کا دورہ کیا اور خیر پور اور قمبر شہداد کوٹ کے دور دراز سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف فوجی جوانوں سے ملاقات کی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خیر پور کے گائوں جیلانی اور قمبر شہداد کوٹ میں سیلاب متاثرین کے ساتھ بھی وقت گزارا۔ اس کے علاوہ آرمی چیف نے آرمی ریلیف اور طبی کیمپوں میں مقامی افراد کو فراہم کی گئی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔ مقامی لوگوں نے مصیبت کی اس گھڑی میں آکر اظہار یکجہتی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امدادی کاموں میں مصروف فوجی جوانوں کے جذبے کو سراہا۔

ای پیپر دی نیشن