لیبیا : متحارب فریقین میں  لڑائی جاری،23افرادہلاک 

Aug 29, 2022

طرابلس (این این آئی )لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں متحارب مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک تقریبا 23 افراد ہلاک اور کم سے کم 143 زخمی ہوگئے ۔ یہ لڑائی اس وقت شروع ہوئی جب فتحی باشاغا کی پارلیمنٹ کی حمایت یافتہ انتظامیہ سے وابستہ ایک فوجی قافلہ مصراتہ کے قریب زلیتن سے طرابلس کی جانب پیش قدمی کررہا تھا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق الزاویہ سٹریٹ، باب بن غشیر اور الصریم کے مقامات میں چیف آف اسٹاف کی 777ویں بریگیڈ جس کی قیادت ہیثم التاجوری کر رہے ہیں اور غنیوا الککلی کی سربراہی میں صدارتی کونسل کے "استحکام کی حمایت اور تحفظ" سے وابستہ گروپوں کے درمیان مسلح تصادم دیکھا ہے۔ الجبس اور الکریمیہ دروازے میں الجویلی فورسز اور الدبیبہ کی حمایت یافتہ فورسز کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ دارالحکومت طرابلس میں جھڑپوں میں ہلاکتوں کی تعداد 23 ہوگئی ہے جب کہ 140 زخمی ہوئے (جن کی شناخت فراہم نہیں کی گئی)۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ یہ جھڑپیں طرابلس کے وسطی حصے میں اس وقت شروع ہوئیں جب شہر میں موجود ایک مضبوط گروہ نے حریف فورس کے اڈے پر حملہ کیا۔اس کے نتیجے میں کئی گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا اوراس سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا۔

مزیدخبریں