پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امپائرز کا پول بڑھانے کیلئے تربیتی پروگرام جاری کردیا

Aug 29, 2022


لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے امپائرز کی استعداد بہتر کرنے اور امپائرنگ پول کو بڑھانے کےلئے نئے امپائرز کی کھوج اور تربیت کے حوالے سے پروگرام جاری کردیا۔ ایف آئی ایچ امپائرز منیجر راشد محمود بٹ کو پاکستان ہاکی فیڈریشن امپائرنگ کمیٹی کا کنونیئر تعینات کردیا گیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ریسرچ و ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعہ امپائرز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی تربیت اور آن لائن ورکشاپس/کورسز کرائے جائیں گے۔ صوبائی لیول پر امپائرنگ کمیٹیاں راشد محمود بٹ تعینات کرینگے۔ صوبائی امپائرنگ کمیٹیوں کے ذریعہ گراس روٹ لیول پر نئے امپائرز کی تربیت اور آن لائن کورسز کرائے جائینگے جس میں سے باصلاحیت مرد و خواتین ہاکی امپائرز کو ضلعی، صوبائی اور قومی ایونٹس میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے تمام صوبائی یونٹس کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں کہ وہ اپنے موجودہ اور نئے امپائرز کی تربیت اور کورسز کے حوالہ سے نامزدگیاں 10 ستمبر2022 تک بھجوا دیں۔ آن لائن تربیتی ورکشاپس کی کوئی فیس مقرر نہیں کی گئی۔ امپائرز کےلئے کمپیوٹر/سمارٹ فون کے استعمال سے واقفیت اور کم از کم میٹرک تعلیم یافتہ ہونا لازمی ہے۔

مزیدخبریں