میچ 20ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میںشیڈول ‘ٹکٹوں کی فروخت آئندہ ہفتے شروع‘شائقین امدا د کیلئے زیادہ زیادہ سے شرکت کریں : رمیز راجہ کی درخواست

Aug 29, 2022


لاہور (سپورٹس رپورٹر )پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف کراچی میں شیڈول پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ کی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ 2022 میں جمع کروائی جائے گی۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا پہلا میچ 20 ستمبر کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ پی سی بی کراچی میں موجود شائقین کرکٹ سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اس میچ کیلئے بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کریں تاکہ سیلاب زدگان کی امداد کی جاسکے۔ اس سیریز کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت آئندہ ہفتے سے شروع ہوگی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے مون سون کی بارشوں اور سیلاب کی وجہ سے پیداشدہ صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس صورتحال کی وجہ سے ملک کے مختلف علاقوں کو تباہی کا سامنا ہے۔ کرکٹ پاکستان کی عوام کو متحد کرتی ہے، لہٰذا ہر مشکل اور آزمائشی وقت کی طرح پی سی بی اس مرتبہ بھی شائقین کرکٹ اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔ فیصلہ کیا گیا ہے کہ انگلینڈ کےخلاف پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ سے حاصل ہونے والی گیٹ منی پرائم منسٹر فلڈریلیف فنڈ میں عطیہ کی جائے گی۔شائقین کرکٹ کو بڑی تعداد میں سٹیڈیم کا رخ کرنا چاہیے تاکہ وہ سب ایک کرکٹ فیملی کی حیثیت سے سیلاب سے متاثرہ افراد کی زیادہ سے زیادہ امداد کرسکیں۔ پی سی بی پہلے ہی سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے خوراک ، ادویات اور دیگرضروری اشیاءکے ٹرک بھجوا چکا ہے۔وہ اپنے لوگوں اور ریسکیو آپریشنل ٹیموں کی ہر طرح سے مدد کرتے رہیں گے۔ ان کے احساسات اور دعائیں پاکستانی عوام کے ساتھ ہیں۔ مشکل کی گھڑی میں گھرے سیلاب متاثرین کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے راشن، ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ سے لدے تین ٹرک آفت زدہ علاقوں کو روانہ کردئیے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے بھارت کیخلاف ایشیا کپ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے میچ سے قبل ٹوئٹ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کیلئے مدد کی اپیل کی ہے۔ محمد رضوان نے لکھا کہ ’جب بھی ہمارے وطن عزیز پر آزمائش آئی ہے، ہماری پوری قوم نے زندہ ہونے کا ثبوت دیا ہے۔یہ سیلاب تباہ کن ہے لیکن اس نے ہمیں اپنے ملک پاکستان کیلئے متحد ہونے کا موقع دیا ہے، یہ موقع متاثرین کی امداد کا ہے جو ہمارے منتظر ہیں۔انتظار نہ کریں، آگے بڑھیں پاکستان کیلئے۔

مزیدخبریں