کراچی(سٹی ڈیسک) صوفی فاﺅنڈیشن کے امیر علامہ سید محمد جیلانی اشرف کچھوچھوی نے کہا ہے کہ اولیاءاللہ کی کرامات حق ہیں جو اللہ کے ہوجاتے ہیں پھر خالق کائنات ان کا ہوجاتا ہے اورپروردگار ان کی بات نہیں ٹالتا۔ وہ کراچی کے بندھن لان میں محبوب یزدانی سلطان مخدوم سید اشرف جہانگیر سمنانیؒ کے 636 ویں عرس سے بذریعہ انٹر نیٹ انڈیا(کچھوچھہ شریف) سے براہ راست خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے اس سے دل لگانا مومنین کا شیوہ نہیں۔ یہ آزمائش کی جگہ ہے جس مقصد کے لئے اللہ نے اپنے بندہ کو یہاں بھیجا ہے اس حکم کی بجاآوری ضروری ہے اسلام دین فطرت ہے اور اس کا باغی کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عزت و شہرت دنیاوی کاموں میں نہیںبلکہ احکام الہی کی پاسداری میں ہے۔ صاحبزادہ علامہ سید محمد حسینی اشرف الجیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مخدوم سمنانیؒ نے بادشاہت کو ٹھکراکر عشق الہی کا راستہ اپنایا۔ یہی وجہ ہے کہ وہ اللہ کے انعام کے مستحق قرار پائے۔ اور اللہ نے ان کے نام کو سربلند کردیا۔ انہوں نے کہا کہ مخدو م اشرف کا نام ہی شیاطینی قوتوں کو بھگانے کیلئے کافی ہے۔ عرس کے اجتماع سے صوفی فاﺅنڈیشن پاکستان کے امیر شیخ محمد خالد اشرفی سید عزیر اشرفی‘ سجاد حسین نقشبندی ‘ ڈاکٹر ناصر حسین نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر سید ظفر اشرفی‘ سید طارق اشرفی‘ سینئر صحافی سید حمید افسر اشرفی‘ سید شاہ سعید‘ سید شاہ فہد‘ محمد احمد صدیقی‘ خرم اشرفی‘ اعجاز میر خان ‘ ضمیر اشرفی اسحاق اور اسامہ برادران بھی موجود تھے۔
علامہ جیلانی اشرف
خالق کائنات کی حکم عدولی کرنیوالا کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا
Aug 29, 2022