سیاست سے بالاتر ہوکرکام کرنا ہوگا:پی پی بلوچستان

Aug 29, 2022


کوئٹہ(بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز خان جمالی،جنرل سیکرٹری روزی خان کاکڑ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا کہ حالیہ طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر انسانیت کی خدمت کیلئے ملکر کام کرنا ہوگامشکل کی اس گھڑی میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات اور عالمی اداروں کو بھی اپنا کردارادا کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ مون سون کی طوفانی بارشوں اورسیلابی ریلوں کے باعث بلوچستان سمیت ملک بھر میں سینکڑوں افراد جاں بحق جبکہ لاکھوں کی تعداد میں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں اور لوگوں کا قیمتی سامان اور گھر پانی بہاکرلے گیا ہے مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کی امداد ہمارا مقصد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں اورسیلابی ریلوں سے تباہی اتنی زیادہ ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اکیلے متاثرین کی امداد نہیں کرسکتی ہیں مخیر حضرات اور عالمی امدادی اداروں کوچاہئے کہ وہ متاثرین کی امداد کیلئے آگے بڑھیں تاکہ کسی بھی انسانی المیے سے بچا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے قائدین اور کارکن اپنی مددآپ کے تحت متاثرہ افراد کی امداد کو یقینی بنارہے ہیں یہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ ہمیں ملکر اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کیلے آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کو فوری طور پر خیموں ، کھانے پینے کی اشیاء،ادویات کی سخت ضرورت ہے ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر اپنی متاثرہ خاندانوں کا سہارا بننا چاہئے۔

مزیدخبریں