گوادر( این این آئی ) گوادر میں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے خواتین بھی متحرک ہوگئیں۔ پہلی بار گوادر کی خواتین نے اپنے گھروں سے باہر نکل کر اپنی مدد آپ کے تحت فلڈ ریلیف کیمپ قائم کردیئے اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور بلوچستان میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے شدید متاثرین کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں عطیات جمع کرانے اور انسانی امداد کی ایک نئی تاریخ رقم کردی ۔ سماجی کارکنوں، اساتذہ، ڈاکٹرز اور سرکاری ملازمین نے روزمرہ کی ضروری اشیاءکپڑے، پانی کی بوتلیں اور خیمے جمع کرادیئے۔ انہوں نے یہ عطیات تاجروں، مارکیٹرز، ٹریڈرز اور عام لوگوں سے وصول کیے۔ عطیہ دہندگان نے خواتین کے فلڈ سیلاب ریلیف کیمپ میں نقد رقم بھی دی۔ گوادر گرائمر سکول کی طالبات نے بھی فلڈریلیف کیمپ میں حصہ ڈالا۔ طالبہ سدرہ بلوچ نے خواتین کے فلڈ ریلیف کیمپس کی تعریف کی اور کہا کہ یہ گوادر کی تمام خواتین کے لیے حوصلہ افزا ہے کہ وہ اپنا حصہ ڈالیں اور خود کو معاشرے کا ایک اہم حصہ ثابت کریں۔ نجی سکول کی ٹیچر ماہ نور فاطمہ نے کہا کہ خواتین کے فلڈ ریلیف کیمپ نے انسانی ہمدردی کے جذبے کو ابھارا، امید ہے کہ ایسے مزید کیمپ جلد ہی کیے جائیں گے۔