حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) شہر بھرکے تمام مکاتب فکر کے علماء اور مختلف سیاسی سماجی کاروباری تنظیموں کی جانب سے حافظ آباد کو گجرات ڈویژن میں شامل کئے جانے کے خلاف یہاں فوارہ چوک میں ایک بہت بڑے احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے ضلعی قائد ،سابق ایم این اے چوہدری مہدی حسن بھٹی ،پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شوکت علی بھٹی نے کہا کہ اہلیان ضلع حافظ آباد نے گجرات ڈویژن میں شامل کئے جانے کے فیصلہ کو یکسر مسترد کردیا اور جب تک ہم حافظ آباد کو گجرات میں شامل کئے جانے کا نوٹفیکیشن واپس نہیں کروالیتے اسوقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دوسر ی جانب تمام مکاتب فکر کے علماء اور شہری تنظیموں کے رہنمائوں نے گجرات ڈویژن میں شامل کئے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ضلع کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ قراردیااور کہا کہ وہ نوٹیفیکیشن کی واپسی تک ہر فورم پر اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔ احتجاجی اجتماع سے جمعیت اہلحدیث کے بزرگ عالم دین مولانا نصراﷲبھٹی، جے یو آئی کے علامہ احمد سعید اعوان، جماعت اسلامی کے امان اﷲچٹھہ، اہلسنت کے صاحبزادہ سید سجاد حیدر نقوی، مفتی آصف حبیب ، مفتی امان اﷲ۔ شیعہ راہنما لیاقت زوار کھنو، مولانا عطاء اﷲمحمدی، مولانا معاذ الرحمن بھٹی، مولانا شبیر احمد کھٹانہ، مولانا شہید احمد انصاری، سماجی راہنما عبدالجبار رضا، محمد شفیق بھولا، نصر اﷲہنجرا، مرکزی انجمن تاجران کے صدر شیخ محمد امجد، حافظ محمد عاقل،نگہت خان، راحت ایوبی بٹ ، ریحانہ خان ودیگر نے خطاب کیا۔
اہلیان حافظ آباد نے گجرات ڈویژن میں شامل کرنے کا فیصلہ مسترد کردیا :مہدی بھٹی
Aug 29, 2022