کراچی(این این آئی)کراچی کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس صارفین کو پریشر میں کمی اور گیس کی قلت کا سامنا ہے، حکام کے مطابق سندھ میں کئی گیس فیلڈز میں غیر متوقع ٹرپنگ کی وجہ سے گیس لوڈمینجمنٹ شروع کردی گئی ہے۔سندھ میں کئی گیس فیلڈز میں غیرمتوقع ٹرپنگ کے باعث ایس ایس جی سی کو ملنے والی گیس کے پریشر میں کمی ہوگئی، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ نے گیس لوڈ مینجمنٹ شروع کردی۔کراچی کے کئی علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی جزوی معطل ہوگئی، جبکہ بیشتر علاقوں میں صارفین کو گیس پریشر میں کمی کا بھی سامنا ہے۔گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی سے متاثرہ علاقوں سمیں اسکیم 33، ملیر، شاہ لطیف ٹان، کیماڑی، اورنگی ٹان اور دیگر شامل ہیں۔ترجمان ایس ایس جی سی کے مطابق سیلاب کے باعث گیس فیلڈ تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق سوئی سدرن کی شکارپور سے کوئٹہ 12 انچ اور 24 انچ گیس پائپ لائنوں کو بلوچستان کے بولان میں بی بی نانی پل کے قریب سیلابی پانی کی وجہ سے بھاری نقصان پہنچا ہے۔گیس لائن کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے بلوچستان کو بھی گیس کی فراہمی رک گئی ترجمان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ کو زرغون گیس پائپ لائن سے ملنے والی معمولی سپلائی بھی سیلابی پانی سے ہونیوالے تباہی کی وجہ سے معطل ہوگئی ہے۔ترجمان کے مطابق گیس پائپ لائنوں کی مرمت کا کام شروع کرنے کیلئے سوئی سدرن کی ٹیمیں متاثرہ علاقے میں پہلے سے موجود ہیں لیکن پانی کے غیرمعمولی بہا کی وجہ سے اس وقت ہمارے آلات اور مشینری کی نقل و حرکت ممکن نہیں ہے۔