برطانیہ: ’’ترقی پذیر ممالک ٹریڈنگ سکیم‘‘ (DCTS) کا آغاز 

Aug 29, 2022


لاہور(کامرس رپورٹر )برٹش پاکستان فرینڈشپ کونسل نارتھ ویسٹ یوکے کے صدر محمد ارباب خان نے کہا ہے کہ برطانیہ آئندہ سال کے شروع میں ’’ترقی پذیر ممالک ٹریڈنگ سکیم‘‘ (DCTS) کا آغاز کر رہا ہے جسکے تحت پاکستان سمیت 65 ممالک کو ٹیرف میں کمی اور آسان شرائط پر تجارت کی سہولیات حاصل ہوں گی۔ گزشتہ روز زوم کے ذریعے یوکے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی سی ٹی ایس یوکے ترجیحی تجارتی نظام جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنس (جی پی ایس) کی جگہ لے گا جو مختلف مصنوعات پر ٹیرف کے خاتمے اور اس میں کمی کی سہولت فراہم کرتا ہے۔ پاکستان سے برآمد ہونے والی 94 فیصد اشیا کو برطانیہ تک ڈیوٹی فری رسائی کا فائدہ ہو گا جس سے ٹیرف میں 120 ملین پاؤنڈ کی بچت ہوگی جبکہ بیڈ لینن، جینز اور دیگر اشیا پر 250 ملین پائونڈ کی بچت ہو گی۔ سکریٹری یو کے انٹرنیشنل ٹریڈ این میری ٹریولین نے اس سکیم کا آغاز کیا ہے۔ ڈی سی ٹی ایس کے تحت 156 سے زائد اضافی مصنوعات پر ٹیرف ختم ہو گا اور اس کے تحت بعض سیزنل ٹیرف کو بھی آسان بنایا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا مجموعی حجم 2.9 بلین پائونڈ سالانہ ہے جو اگلے سال ڈی سی ٹی ایس کے نفاذ کے بعد نئی بلندیوں تک پہنچنے کی امید ہے۔ انہوں نے برطانیہ میں نئی منڈیوں کی تلاش کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یو کے پاکستان بزنس کونسل سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔

مزیدخبریں