پنجاب بنک‘ پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ ، محکمہ توانائی‘ حکومت پنجاب میں معاہدہ

Aug 29, 2022


لاہور (کامرس رپورٹر) دی بنک آف پنجاب‘ پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ اور محکمہ توانائی‘ حکومت پنجاب کے مابین معاہدہ طے پا گیا۔ معاہدے کے تحت دی بنک آف پنجاب کو پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ کیلئے 20 ارب روپے سے زائد سرمایہ فراہم کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب دی بنک آف پنجاب کے ہیڈ آفس لاہور میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں سیکرٹری انرجی حکومت پنجاب‘ امجد بھٹی‘ سی ای او پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ سلمان ذکریا‘ دی بنک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود اور ڈائریکٹر و قائم مقام چیئرمین بی او پی غضنفر جیلانی نے بی او پی اور پی ٹی پی ایل کے اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ شرکت کی۔ پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ محکمہ توانائی حکومت پنجاب کے اشتراک سے پاکستان میں صاف توانائی فراہم کرنے کیلئے آر ایل این جی سے چلنے والا 1263 میگاواٹ کا پاور پلانٹ نصب کر رہا ہے جس کا تخمینہ لاگت 1 کھرب 20 ارب روپے ہے۔ یہ پاکستان کے سب سے بڑے اور سب سے موثر توانائی فراہم کرنے والے پلانٹ میں سے ایک ہے جس کے ذریعے ملک میں کم لاگت سے توانائی کی کمی کو پورا کیا جائے گا۔سی ای او پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ سلمان ذکریا نے دی بنک آف پنجاب کی جانب سے مالیاتی سال کے اختتامی موقع پر پنجاب تھرمل پاور پراجیکٹ کیلئے سرمایہ کا بندوبست کرنے اور تمام ممکنہ تعاون فراہم کرنے پر بی او پی کے کردار کو سراہا۔دی بنک آف پنجاب کے صدر اور سی ای او ظفر مسعود نے حکومت پنجاب کے ساتھ ملکر ملکی مفاد کے منصوبوں کیلئے سرمایہ فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں