پی ٹی آئی خواتین کی ضمانتیں‘ بنچ ٹوٹ گیا‘ محمود الرشید و دیگر کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ


لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ نیوز ایجنسیاں) 9 مئی واقعات میں گرفتار خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت دیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنے والا لاہور ہائیکورٹ کا بنچ ٹوٹ گیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس وحید خان اور جسٹس سلطان تنویر پر مشتمل بنچ نے خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ سمیت 9 مئی واقعات میں گرفتار خواتین کی درخواست ضمانت پر سماعت کرنا تھی۔ دو رکنی بنچ کی عدم دستیابی کے باعث خدیجہ شاہ اور عالیہ حمزہ کی درخواست ضمانتوں پر سماعت نہ ہو سکی۔ عدالت عالیہ نے درخواست ضمانتوں پر کارروائی غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ دوسری طرف لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) نے ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری سمیت دیگر رہنماو¿ں کا دوبارہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ کیس کے تفیشی افسر نے بتایا کہ مقدمے میں بغاوت اور فسادات کی دفعات شامل کردی گئی ہیں، ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید اور اعجاز چوہدری بغاوت میں ملوث ہیں، نئے الزامات میں ملزمان سے تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ عدالت نے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے ملزمان کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پی ٹی آئی خواتین/ ضمانت

ای پیپر دی نیشن