بجلی بلوں پر عوام کو ریلیف نہ دیا تو انارکی پھیلے گی، سراج الحق

اسلام آباد+لاہور(نا مہ نگار+خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بڑے بحران سے دوچار ہے، بجلی بلوں پر عوام کو ریلیف نہ دیا گیا تو انارکی پھیلے گی۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ کے خلاف 2ستمبر کو ملک گیر شٹرڈان ہڑتال ہوگی، تاجروں، وکلا اور دیگر تنظیموں کی جانب سے حمایت پر شکرگزار ہیں۔ یکم ستمبر کو مہنگائی، بے روزگاری کے خلاف اور نوجوانوں کے حقوق کے لیے لیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم الشان احتجاجی جلسہ ہوگا، قوم اور خصوصی طور پر نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اپنے حق کے لیے باہر نکلیں اورجلسہ میں شرکت کریں۔اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل امیر العظیم، امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر کی ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران جماعتوں نے نوجوانوں کواپنی منفی سیاست کے لیے استعمال کیا اور بعد میں بھلا دیا، انہیں حقوق سے محروم کیا، یہ حکمرانوں کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے کہ لاکھوں پڑھے لکھے ہنرمند ملک چھوڑ گئے، بقیہ مایوس ہیں، 90 لاکھ نشے کے عادی، روزانہ سیکڑوں اموات ہوتی ہیں۔ جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو منظم کریں گے،انھیں امید سے جوڑیں گے اور سٹیٹس کو اور ظلم و ناانصافی کے خلاف ہراول دستہ بنائیں گے۔ نوجوانوں نے پاکستان بچانا ہے اور اسے آگے لے کر جانا ہے۔قبل ازیں امیر جماعت نے جے آئی یوتھ سنٹرل ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس کی صدارت کی جس میں راولپنڈی جلسہ کی تیاریوں اور آئندہ کی منصوبہ بندی تشکیل دی گئی۔ امیر جماعت نے اعلان کیا کہ وہ لیاقت باغ میں ملک بھر کے نوجوانوں کو آئندہ کا لائحہ عمل دیں گے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ الیکشن اور بلدیاتی انتخابات میں نوجوانوں بڑی تعدادمیں ٹکٹ دے گی۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس ملک میں ایسی معاشی پالیسیاں تشکیل دی جائیں جس سے نوجوانوں کو فائدہ ہو، انھیں مائیکروفنانسنگ کے ذریعے بلاسود قرضے دیے جائیں گے۔ کروڑوں ایکڑ غیرآباد زمین زرعی گریجوایٹس کے حوالے کر دی جائے تو پاکستان گرین بنے۔ نوجوان ملک کو سپرپاور بنا سکتے ہیں۔ بھارت نے چاند پر قدم رکھا، ہمارے ہاں حکمرانوں کا ویژن لنگرخانوں اور مسافر خانوں تک محدود رہا، ہم نوجوانوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ نوجوانوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کے لیے جے آئی یوتھ بہترین پلیٹ فارم ہے، آپ اس پلیٹ فارم سے پاکستان کو بچا سکتے ہیں۔ ہم مانگنے والے نہیں دنیا کو لیڈ کرنے و الے ہیں۔ 
سراج الحق

ای پیپر دی نیشن