راولپنڈی( جنرل رپورٹر) صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے ہمراہ انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں ڈینگی کے خلاف متعلقہ محکموں کے انسدادی و حفاظتی اقدامات میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، ٹائر شاپس، کباڑخانوں، قبرستانوں،نرسریز کو بلا ناغہ چیک کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ تمام محکموں کی اینٹی ڈینگی سرگرمیاں واضح نظر آنی چاہیں، کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ڈاکٹر حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے سیف انور جپہ، ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن سید نذارت علی، ڈاکٹر رفیق ہیلتھ کمیشن، پرنسپل راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر جہانگیر سرور، سی ای او ہیلتھ و دیگر سرکاری محکموں کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی،کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ انسداد ڈینگی سرگرمیوں میں اسلام آباد انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈز کی شمولیت یقینی بنائی جائے کیونکہ وہی ایریاز ڈینگی کے حوالے سے زیادہ حساس ہیں، اس وقت ڈھوک منشی، سی ٹی سی 5 اور سی ٹی سی 10 ڈینگی کے ہاٹ سپاٹس ہیں، تمام ہسپتالوں میں ڈینگی کے پیک سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی وارڈز اور مطلوبہ ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے، سی او ایجوکیشن اور ڈائریکٹر کالجز 4 ستمبر 2023 کو شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لئے مزید سٹاف مہیا کریں تاکہ پولیو مہم کی وجہ سے انسداد ڈینگی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں، انسداد ڈینگی سرگرمیوں کی کارکردگی پر محکمہ صحت کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ راولپنڈی میں یکم جنوری 2023 سے اب تک ڈینگی کے کل 178 کنفرم کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے ضلع راولپنڈی157، ضلع اٹک میں14، ضلع جہلم میں 02اور ضلع چکوال 05میں مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس وقت ڈینگی کے 26 کنفرم مریض راولپنڈی کے ہسپتالوں میں زیرعلاج جبکہ باقی کامیاب علاج معالجے کے بعد ڈسچارج ہوچکے ہیں۔ پچھلے 24 گھنٹوں میں 07 نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مد میں پچھلے 24 گھنٹوں میں 39 ایف آئی آرز، 05 چالان، 05 عمارتیں سیل اور 53000 روپے کاُجرمانہ عائد کیا گیا۔
جمال ناصر