راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تھانہ وارث خان کے علاقہ محلہ حکمداد میں سٹریٹ کرائم کی واردات میں دو مسلح موٹر سائیکل سواروں کی جانب سے راہگیر باپردہ خاتون سے اسلحہ کی نوک پر پرس چھیننے اور زمین پر گرا کر ان کے زیورات کھینچ کر اتارنے کے لرزہ خیز واقعہ کی اطلاع پر ایس ایچ او مرزا جاوید اقبال پولیس نفری سمیت پہنچ گئے اور علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تلاش شروع کردی اہلیان علاقہ میں بھی اس واردات پر تشویش کی لہر دوڑ گئی شازیہ نامی خاتون گلی سے پیدل گذر رہی تھیں کہ دو موٹرسائیکل سوار رکے ایک نے ہیلمٹ پہنا ہوا تھا جبکہ دوسرا کھلے چہرے کے ساتھ تھا ہیلمٹ پہنے ملزم نے خاتون سے پرس چھینا ان کے ہاتھ اور بازو دبوچ کر زیورات چھین لئے خاتون کو مذاحمت کرنے پر زمین پر پھینک دیا اور زیورات، پرس چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہوگئے رابری اور تشدد کے واقعہ کا سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے نوٹس لے لیا اورایس پی راول فیصل سلیم سے رپورٹ طلب کر کے حکم دیا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتارکیا جائے واقعہ کا مقدمہ تھانہ وارث خان میں درج کرلیا گیا پولیس نے کہا کہ ملزمان کو سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے ٹریس کیا جا رہا ہے ملزمان کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ایس پی راول فیصل سلیم نے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا. سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر ایس پی راول فیصل سلیم نے مدعی سے ملاقات کی ایس پی راول نے مدعی مقدمہ متاثرہ خاتون کے شوہر کو اب تک کی تفتیش اور پولیس کارروائی سے آگاہ کیا۔.