والد نے میرا گانا سن کر کہا ہیں تم یہ بھی کر سکتی ہو؟

عنبرین فاطمہ
نوے کی دہائی کے سپر سٹار شان شاہد کی بیٹی بہشت شان شاہد نے حال ہی میں گلوکاری کی دنیا میں قدم رکھا ہے ، 14اگست پر انہوں نے ایک گانا ریلیز کیا جس کے بول ہیں ’’تیرے دل میں دھڑکے جو میرے دل میں دھڑکے جو یہی ہے میرا پاکستان ‘‘۔ بہشت کے گانے کو نہ صرف پذیرائی ملی ہے بلکہ ان کی آوازکو بھی بہت پسند کیا گیاہے۔ نوائے وقت نے شان کی بیٹی بہشت اور ان کی اہلیہ آمنہ بانڈے سے خصوصی انٹرویو کیا ان کے ساتھ ہونے والی باتیں کچھ یوں ہیں۔بہشت شاہد سے سوال کیا گیا کہ آپ نے اپنے گلوکاری کے ٹیلنٹ کو چھپا کر رکھا کیوں؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں نے جب دریافت کیا کہ میں گلوکاری میں بھی دلچپسی رکھتی ہوںتو اس کے بعد میں باقاعدہ گانا سیکھنا شروع کر دیا اور پلان کر لیا کہ گانا ہے ، لہذا میرے گانے کی صلاحیتوں کو میں نے خود چھپایا تاکہ ایک بار ہی لوگوں کے سامنے اپنی تیار کردہ کوئی چیزلیکر آ?ں۔ اب جبکہ میرا گانا’’ تیرے دل میں دھڑکے جو میرے دل میں دھڑکے جو یہی ہے میرا پاکستان ‘‘ ریلیز ہو چکا ہے۔ لوگوں کو پتہ چلا ہے کہ میں گا بھی سکتی ہوں گانے کو جو ریسپانس مل رہا ہے اس پر میرا دل بہت خوش ہے بلکہ میرے دل میں مزید گانے کی لگن پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے گھر میں میوزک بنتا ہوا دیکھا ،میوزک کے حوالے سے محافل ہوتے دیکھیں تو یہ سب دیکھ کر مجھے گانے کا بہت زیادہ شوق پیدا ہوا گیا۔ جب میں نے اپنے والد سے کہا کہ میں گانا چاہتی ہوں تو انہوں نے مجھے یوں کہا ’’ ہیں اے کی توں اے وی کر سکدی ایں‘‘ تو میں نے اْن سے کہا کہ جی بابا میں یہ کام بھی کر سکتی ہوں۔ انہوں نے میری حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو گایا ہے وہ لڑکیوں کو بنیاد ی طور پر متحرک کرنے والا گیت ہے ، یہ گانا امید کا پیغام دیتا ہے ، یہ گانا کہتا ہے کہ لڑکیوں کو مضبوط ہونا چاہیے ان کو طاقتور ہونا چاہیے ، ان کا اچھا مستقبل ہو سکتا ہے اگر یہ اپنے مستقبل کو بنانے کیلئے خود اٹھ کھڑی ہوں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ گلوکاری باقاعدہ ایک آرٹ ہے ، اور ایک آرٹسٹ کے پاس ہر طرح کا ٹیلنٹ ہونا چاہیے۔ میں اپنی آواز کو بہتر کرنے کی کوشش کررہی ہوں اور مسلسل جاری رکھوں گی میں ساجد علی سے میوزک کی تربیت لے رہی ہوں۔ بہشت شان شاہد نے کہا کہ پاکستان کے پاس بہت ہی باصلاحیت گلوکار ہیں میں عابدہ پروین کی بہت بڑی مداح ہوں ، نور جہاں کے قریب تو میں کسی گلوکار کو دیکھتی ہی نہیں ہوں ، مہدی حسن بہت بڑے گلوکار ہیں ، ان سب کی گلوکاری ہم سب کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنے بابا کے دور کی کسی ہیروئین کیلئے گانے کی میرے پاس آپشن ہوتی تو میں اداکارہ ریشم کے لئے گانا چاہتی ، میں مستقل میں ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش رکھتی ہوں امید ہے مجھے یہ موقع میسر آئیگا۔ بہشت سے جب سوال ہو ا کہ آپ گلوکارہ آئمہ بیگ کو ٹکر دینے کا ارادہ رکھتی ہیں؟ انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہا کہ آئمہ بیگ تو بہت بڑی گلوکارہ ہیں وہ بہت اچھا کام کررہی ہیں ، میں ان کو بالکل بھی ٹکر نہیں آئی ، میںبس اپنی لائن میں رہوں گی اور کام کرتی رہوں گی۔ بہشت نے مزید کہا کہ میری والدہ آمنہ اور والد نے میرا گانا سن کر مجھے بہت داد دی۔ مجھے خوشی ہے کہ مجھے پہلے ہی گانے سے لوگوں کی داد بھی مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہاں بہت سارے مواقع ہیں۔ ہم سب کو امیدبس باقی رہنی چاہیے کہ ہمارا مستقبل ہم اچھا بن سکتا ہے اگر ہم ہمت کریں تو۔ اسی انٹرویو میں شان کی اہلیہ آمنہ بھی موجود تھیں انہوں نے کہا کہ بیٹی کا پہلا گانا ریلیز ہوا ہے اس حوالے سے بہت خوشی ہے، میں اسکی پرفارمنس دیکھ کر خوش بھی ہوں جذباتی بھی ہوں۔ مجھے خوشی ہے کہ وہ زندگی میں جو کچھ کرنا چاہتی ہے اس کی طرف اس نے عملی طور پر قدم بڑھا دیا ہے۔ بہشت بہت باصلاحیت ہے اور مجھے خوشی ہے کہ وہ ملٹی ٹیلنٹڈ ہے وہ گاتی بھی ہے ، ایکٹنگ بھی کرتی ہے اور این سی اے سے ڈائریکشن بھی پڑھ رہی ہے ، وہ جو کرنا چاہ رہی ہے اسکو مواقع میسر آرہے ہیں جن کو وہ بہت ہی خوبصورتی سے قبول کررہی ہے۔ آپ بہشت کو گلوکارہ کے طور پر دیکھنا چاہتی ہیں، ڈائریکٹر کے طور پر یا اداکارہ کے طور پر ؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں بس اپنی بیٹی کو خوش دیکھنا چاہتی ہوں، بیٹی کی خوشی کس چیز میں ہے؟آمنہ بانڈے نے کہا کہ ابھی ہم دیکھ رہے ہیں کہ اسکی خوشی کس چیز میں ہے ، ہر آنے والا دن ہمیں بتا رہا ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتی ہے۔ اْس نے ابھی اپنا پہلا گیت ریلیز کیا ہے یقینا ایک وقت آئیگا البم بھی بنائے گی۔ بہشت کو اس کے والد شان ، دادی نیلو اور میری بہت سپورٹ رہی ہے۔ سکینڈلز کی خبروں کی وجہ سے آپ کبھی شان سے لڑیں جھگڑیں ؟ اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بالکل بھی نہیں ، مجھے پتہ تھا کہ میری شادی کس کے ساتھ ہو رہی ہے ، یہ ڈھکی چھپی بات نہیں تھی ، اور شان جو اور جس کے ساتھ کام کرتا ہے و ہ سکرین کی حد تک ہوتا ہے۔ سکینڈلز تو اس پروفیشن کا حصہ ہیں ریل اور رئیل لائف کے فرق کو میں بہت اچھی طرح جانتی ہوں۔ میں نے کبھی بھی خبروں کی وجہ سے ان سے جھگڑا نہیں کیا میں اپنے شوہر کو بہت اچھی طرح جانتی ہوں ہماری بہت اچھی انڈر سٹینڈنگ ہے اگر اچھی انڈر سٹینڈنگ نہ ہوتی تو شاید یہ رشتہ چل ہی نہ پاتا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے کبھی بھی اداکاری کا شوق نہیں رہا۔میرا شوہر اچھا کام کررہا ہے اب ساتھ میں میرے بچے اچھا کام کررہے ہیں میرے لئے یہی کافی ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ بہشت کے پاس جو بھی ٹیلنٹ ہے وہ اس میں اپناآپ منوائے۔ ہم نے کبھی بھی اپنے بچوں کو پریشرائز نہیں کیا کہ ہم یہ چاہتے ہیں آپ یہی کریں ہم نے ان کو انکی چوائس میں آزاد رکھا ہوا ہے وہ جو کرنا چاہیں کر سکتے ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...