لاہور(کامرس رپورٹر )اسلام آباد، تہران ‘استنبول روڈ ٹرانسپورٹ کوریڈور، بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (BRI) منصوبے کے ساتھ مل کر خطے کے چار دوست ممالک کے درمیان علاقائی تجارت کو فروغ دینے میں گیم چینجر ثابت ہو گا۔ یہ بات پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PCJCCI) کے صدر معظم گھرکی نے گزشتہ روز پاک، ترکی‘ چین سہ فریقی تجارت کے حوالے سے منعقدہ تھنک ٹینک کے اجلاس کے دوران کہی۔پی سی جے سی سی آئی کے صدر معظم گھرکی نے کہا چین کی طرح ترکی بھی پاکستان کا دوست رہا ہے اور سی پیک اور بی آر آئی منصوبوں کی وجہ سے دوستانہ تعلقات اب بین الاقوامی تجارت میں مزید مربوط ہو گئے ہیں۔ . انہوں نے کہا کہ چین کو ترکی کی برآمدات پاکستان کے راستے چین کی طرف جا سکیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد-تہران-استنبول روڈ ٹرانسپورٹ کوریڈور منصوبہ کامیابی سے پاکستانی ٹرکوں پر تجارتی کارگو ترکی اور اس کے برعکس چینی مارکیٹوں تک لے جا رہا ہے۔پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فانگ یولونگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت تجارتی تعلقات ہیں اور پاکستان میں ترک کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں 1 بلین ڈالر سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔