کراچی (کامرس رپورٹر)بجلی کے بلوں میں اضافہ کے خلاف ملک بھر میں احتجاج،ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر میں مسلسل کمی اور معاشی صورتحال مزید سخت ہونے کے خدشات کے باعث پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نئے کاروباری ہفتہ کا آغاز مندی سے ہوا،کے ایس ای100انڈیکس192پوائنٹس کمی کے بعد 47600پوائنٹس کی حد کھو بیٹھا،کاروباری میں مندی کے باعث مارکیٹ سرمایہ میں 31ارب روپے کی کمی واقع ہوئی جبکہ جمعہ کے مقابلہ میں حصص کی کاروباری مالیت اور حجم میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 192پوائنٹس کی کمی رہی جس سے انڈیکس 47671پوائنٹس سے گھٹ کر47478پوائنٹس ہو گیا،93پوائنٹس کمی سے کے ایس ای30انڈیکس 16970پوائنٹس سے گر کر16877پوائنٹس ہو گیا، کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس123پوائنٹس کمی سے 31631پوائنٹس سے گھٹ کر31508پوائنٹس پر آگیا ۔گزشتہ روز مارکیٹ کے سرمائے میں 31ارب روپے کی کمی ہوئی ا، جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 70کھرب91ارب روپے سے گھٹ کر 70کھرب 60ارب روپے رہ گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز6ارب46کروڑ روپے مالیت کے 18کروڑ سے زائد حصص کا کاروبار ہوا۔ گزشتہ روز مجموعی طور پر 314کمپنیوں کا کاروبارہوا جس میں سے91کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ،202میں کمی اور21کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔