راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)سابق کونسلر یو سی 38اور نائب مرکزی انجمن تاجرانراولپنڈی چوہدری تنویر اسلم نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مہنگائی کی تباہ کاریوں کی چکی میں پسی عوام اور تاجر برادری بجلی کے بلوں میں ظالمانہ اضافی ٹیکسوں کو مسترد کرتے ہیں یہ ظالمانہ اضافہ تاجروں اور عوام کا معاشی قتل ہے ہم پہلے ہی بے جا ٹیکسوں کا بوجھ برداشت کررہے ہیں مزید بوجھ برداشت نہیں ہو گا اور بھرپور احتجاج کیا جائے گا ہمیں مہنگائی کے محرکات پر بحث کرنے کی بجائے عوام کو اس مہنگائی کے عذاب سے نکالنے کیلئے سر جوڑنا ہوں گے، پاکستان میں مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں غریب تو کیا اب سفید پوش طبقے کو بھی اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے چوہدری تنویر اسلم نے مزید کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے کبھی چینی اور آٹا کی قیمتیں بڑھا دی جاتی ہیں اور کبھی بجلی، گیس اور پٹرول کے نرخوں میں اضافہ کرکے عوام کو ذہنی مریض بنایا جارہا ہے مہنگائی کی ماری عوام خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں پاکستان کی عوام بجلی پر ظالمانہ اضافی ٹیکسز کا بوجھ برداشت کرنے کے قابل نہیں بجلی پر لگائے گئے ظالمانہ اضافی ٹیکس فوری واپس لئے جائیں تا کہ عوام کی مشکلات میں کمی ہو سکے ۔