کراچی (کامرس رپورٹر) سابق چیف ایگزیکٹیو آفیسریونی لیور اور لوریل محترمہ مشرف حئی نے کہا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر اور ٹریڈ ایسوسی ایشنز میں خواتین کی نمائندگی صنفی کے بجائے میرٹ کی بنیاد پر ہونا چاہیے کیونکہ صنفی تعصب کی وجہ سے خواتین کا آگے آنا مشکل ہوتا ہے۔یہ بات انہوں نے گلوبل کومپیکٹ نیٹ ورک پاکستان (جی سی این پی) کے زیر اہتمام نیشنل جینڈر ایکویلٹی کانفرنس‘‘ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر تے ہوئے کہی۔کانفرنس سے صدر جی سی این پی مجید عزیز،ویمن چیمبرز کونسل کی چیئرپرسن حنا منصب خان، گز جرمنی کی نمائندہ یولیا بازینووا نے خطاب کیا۔ مشرف حئی نے آئی ایل او بیٹر پروگرام کی سربراہ کیرولین بیٹس اور کے سی سی آئی کی وومن انٹرپرینور سب کمیٹی کے چیئرپرسن درشہوار کو میڈل دیا ۔مشرف حئی نے خواتین شرکاء کو مشورہ دیا کہ ترقی اور سبقت حاصل کرنے کے لیے خواتین کے لیے تین اہم خصوصیات ضروری ہیں جن میں خواتین کو ایک مقصد کے تحت خود پر اور اپنے پیشوں یا کیریئر پر اعتماد ہونا چاہیے نیز وہ کسی بھی مشکل کا ڈٹ کر سامنا کریں۔ وہ اپنے کیریئر میں ماتحت خواتین کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتی رہی ہیں۔