پیرس (این این آئی + نوائے وقت رپورٹ) فرانس کے سکولوں میں عبایا پہننے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔فرانسیسی میڈیا کے مطابق فرانس کے وزیرِ تعلیم گیبریل اٹل نے عبایا کو سیکولر قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔وزیر تعلیم گیبریل اٹل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ 4 ستمبر سے ملک بھر میں کلاسوں میں واپسی سے قبل اسکول کے سربراہوں کو قومی سطح پر واضح اصول دیں گے۔فرانسیسی میڈیا کا بتانا ہے کہ فرانس میں عبایا پر پابندی سے مذہبی اور شہری آزادی پر بحث چھڑ گئی ہے۔فرانس کے وزیر تعلیم آئن گیبریل اٹل نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملک کے تمام سکولز میں عبایہ پہننے پر پابندی لگائے گی، عبایہ ایک مذہبی علامت ہے اس لیے تعلیمی اداروں میں اس کو پہننے پر پابندی ہونی چاہیے، تعلیمی اداروں میں عبایہ پہننے سے فرانس کے قوانین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔واضح رہے فرانس کی حزب اقتدار اور حزب اختلاف کی تمام سیاسی پارٹیاں عبایہ پر پابندی لگانے کیلئے زور ڈال رہی ہیں، فرانس کے سکولوں میں مسلمان لڑکیاں اکثریت میں عبایہ پہن کر آتی ہیں جس کی وجہ سے اساتذہ اور والدین کے درمیان معاملہ شدت اختیار کر رہا ہے۔
فرانس: سکولوں میں مسلمان لڑکیوں کے عبایہ پہننے پر پابندی لگادی
Aug 29, 2023