لکی مروت +کرک (نوائے وقت رپورٹ +آئی این پی ) خیبرپی کے کے علاقے لکی مروت میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے دو اہلکار شہید اور تین زخمی ہوگئے۔ لکی مروت کے تھانہ پیزو کی معمول کے گشت پر مامور پولیس موبائل پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بشیر خان اور سیف علی خان موقع پر ہی شہید ہوگئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں عصمت اللہ، امداد اور انعام اللہ زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ آئی این پی کے مطابق خیبرکے علاقے کرک میں اشتہاری ملزموں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ شاہ سلیم کے حدود علاقہ گڈی خیل میں پیش آیا۔ اشتہاریوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ڈسٹرکٹ سیکورٹی برانچ (ڈی ایس بی) کے انچارج رحمان اللہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگئے۔ رحمان اللہ کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی ہے اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔