لاہور‘ اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) لاہور پولیس نے عمران خان کو عسکری ٹاور حملہ کیس میں بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اس سلسلے میں عدالت سے اجازت کے بعد جے آئی ٹی عمران سے تفتیش کے لئے اٹک جیل جائے گی۔ عسکری ٹاور حملہ کیس میں تحقیقات کیلئے ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چودھری کی سربراہی میں بنائی گئی پولیس کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم اٹک جیل جائے گی اور جیل میں عمران خان سے سوال وجواب، تفتیش اور بیان قلمبند کیا جائے گا۔ تھانہ سرور روڈ کے علاقے میں کور کمانڈر ہاؤس حملے اور دیگر کیسز کی جے آئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن عمران کشور ہیں۔ دوسری جانب نو مئی سے متعلق مقدمات‘ جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیسز اور جعل سازی کا مقدمے میں چیئرمین پی ٹی آئی کی 9 ضمانتیں خارج کرنے کے فیصلوں پر اعتراضات عائد کر دیئے گئے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستیں اعتراضات کے ساتھ آج سماعت کیلئے مقرر کر دی گئیں۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے میرٹ کو دیکھے بغیر ہی ضمانتیں عدم پیروی پر خارج کر دیں۔