ستلج میں اونچے درجے کا سیلاب، ہیڈ اسلام ، گنڈا سنگھ سے ملحقہ دیہات، بستیاں زیرآب

بہاولنگر/ قصور/عارفوالا (آئی این پی،نمائندہ نوائے وقت ) بھارت سے چھوڑے گئے سیلابی ریلوں نے تبا ہی مچا دی ، متعدد بستیاں اجڑ گئیں، بہاولنگر میں155 دیہات اور موضع جات زیر آب۔  دریائے ستلج میں اونچے درجے کے سیلاب سے ہیڈ اسلام اور گنڈا سنگھ والاکے مقامات پر دریا سے ملحقہ دیہات اور بستیاں زیر آب آگئیں اور مکانات گر گئے جبکہ فصلیں تباہ ہو گئیں۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے ستلج میں سیلاب سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں زیرآب آنے والے 480 دیہات اور موضع جات کی رپورٹ جاری کردی، سب زیادہ 155 دیہات اور موضع جات ضلع بہاولنگر میں زیر آب آئے ہیں۔جبکہ دریائے ستلج میں سیلابی صورتحال‘ضلعی انتظامیہ کی امدادی سرگرمیاں جاری۔ دریائے ستلج میں پانی کی سطح میں کمی‘پانی کا بہاؤ 1لاکھ 11ہزار کیوسک ہے۔ متاثرین کی مدد کیلئے ریلیف اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی ہر ممکنہ مدد کر رہی ہے ابتک 51 ہزار 27 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ ایک لاکھ 22 ہزار 815 افراد کو ٹرانسپوٹیشن مہیا کی گئی ہے۔ 22 ہزار 305 جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل جبکہ 18 ہزار 800 جانوروں کا علاج کیا گیا ہے۔ 25 ہزار سے زائد متاثرین کو طبی امداد فراہم کی گئی ہے اس کے علاوہ متاثرین کو کھانا، پینے کا پانی،بچوں کو دودھ، رہائش سمیت طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر قصور رضوان الحق پوری نے گورنمنٹ ہائی سکول شیخ پورہ نو کا دورہ کر کے وہاں پر سیلاب متاثرین کو فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن