نئی دہلی (کے پی آئی )کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنماء شبیر احمد شاہ نے واضح کیا ہے کہ کشمیری کسی قسم کے انتخابات کیلئے نہیں بلکہ غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں لہذا انکے لیے اسمبلی انتخابات کوئی معنی نہیں رکھتے۔بھارت ڈھونگ انتخابات کے ذریعے کشمیرکی متنازعہ حیثیت کو ہرگز تبدیل نہیں کرسکتا، کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما سربراہ شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام تہاڑ جیل سے اپنے الگ الگ پیغامات میں کہا کہ مودی حکومت 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکاروں کی موجودگی میں نام نہاد اسمبلی انتخابات کروا رہی ہے لہذا یہ انتخابا ت فوجی مشق سے زیادہ کچھ نہیں۔مسرت عالم بٹ نے کہا کہ بھارتی حکومت نے اگست 2019 کے بعد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب میں تبدیلی کا ایک مذموم سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے علاقے میں نت نئے قوانین نافذ کیے ، لاکھوں بھارتیوں کو علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس دیے، انتخابی حلقوں میں تبدیلی عمل میں لائی ، لیفٹیننٹ گورنر کے اختیارات میں اضافہ کیا اور ان سارے اقدامات کا واحد مقصد بھارتیہ جنتا پارٹی کے حق میں میدان صاف کرنا ہے۔
مقبوضہ کشمیر: بھارت ڈھونگ انتخابات سے کشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں کر سکتا: حریت کانفرنس
Aug 29, 2024