سٹاک ہوم (نیٹ نیوز) سویڈن میں گزشتہ سال ایک سے زائد مرتبہ مقدس اوراق کی بے حرمتی کے جرم میں دو ملعونوں پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔ سویڈش پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ ملعون سلوان مومیکا اور ملعون سلوان نجم نے 4 مرتبہ کسی نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال کا مظاہرہ کیا۔ دونوں ملزموں پر عائد فرد جرم میں کہا گیا ہے کہ ان دونوں نے مقدس اوراق کی بے حرمتی کی اور مسلمانوں کے خلاف توہین آمیز تبصرے کئے۔ سینئر پراسیکیوٹر آینا ہینکو نے کہا کہ دونوں افراد پر چار مواقع پر ایسے بیانات دینے پر مقدمہ چلایا گیا ہے جس کا مقصد مسلمانوں کے عقیدے کی وجہ سے ان کی توہین کرنا تھا۔ آینا ہینکو نے کہا کہ ان کی رائے میں دونوں ملزموں کے بیانات اور ان کا عمل نسلی یا قومی گروہ کے خلاف اشتعال کی دفعات کے تحت آتے ہیں اور یہ ضروری ہے کہ یہ مقدمہ عدالت میں چلایا جائے۔