بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواست‘ 3 ہاکی کھلاڑیوں‘ فزیو پر تاحیات پابندی

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ہاکی فیڈریشن نے 3 کھلاڑیوں اور فزیو پر تاحیات پابندی عائد کردی۔سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد کے مطابق مرتضیٰ یعقوب ، احتشام اسلم ،عبدالرحمان اور فزیو وقاص پر پابندی لگائی گئی ہے۔رانا مجاہد نے بتایا کہ تینوں کھلاڑی اور فزیو بتائے بغیر بیرون ملک گئے اور بیرون ملک سیاسی پناہ کی درخواست دی جس کے باعث ان پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان کے ٹیم کیساتھ پاکستان واپس آنے کے ثبوت موجود ہیں، وہ بعد میں باہر چلے گئے ، ٹیم کیساتھ انہوں نے پولینڈ اور ہالینڈ کا دورہ کیا تھا اور نیشنز کپ کیلئے گئے تھے۔ پاسپورٹ کینسل کرانے کیلئے وزارت داخلہ کو لکھیں گے اور ڈیپارٹمنٹس کو بھی اس حوالے سے لکھ دیا ہے۔ تینوں کھلاڑی اور فزیو کس ملک گئے ہیں اس کا علم نہیں ہے ، ان کے ساتھی کھلاڑیوں نے باہر جانے کی تصدیق کی ہے ، ہم نے انہیں کیمپ کیلئے بھی بلایا لیکن ہمارے ساتھ انہوں نے جھوٹ بولا کہ وہ فیملی مصروفیت کی وجہ سے کیمپ میں نہیں آ سکتے۔

ای پیپر دی نیشن