لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 6ہزار انٹرن شپ آفر کی جائیں گی۔ مریم نواز شریف نے چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے آغاز پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان قدم بڑھائیں، روشن مستقبل ان کا منتظر ہے۔ حکومت پنجاب نوجوانوں کو باوقار طریقے سے مالی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنا چاہتی ہے۔ چیف منسٹر انٹرن شپ کرنے والے نوجوانوں کو 25 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام کے پہلے فیز کا دورانیہ 6 ماہ ہے۔ چیف منسٹر انٹرن شپ پروگرام میں گزشتہ دو برس میں ڈگری مکمل کرنے والے گریجوایٹس کو ترجیح دی جائے گی۔ انٹرن شپ میں اپلائی کرنے کے لئے عمر کی حد18سے 25برس ہے۔ منتخب انٹرنی کو نجی کے شعبہ کے نمایاں اداروں میں تعیناتی کا موقع ملے گا۔ نوجوان cmip.punjab.gov.pk پر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے شدید بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔مریم نواز نے مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی نائب صدر چودھری محمد عزیز کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔